News


جامعہ تربت میں 79واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

Posted on 14 Aug, 2026 - Published by

 ملک بھر کی دیگر جامعات کی طرح جامعہ تربت میں بھی وطن عزیز کا 79واں یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی اور ویڈیو کانفرنس روم کو قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔

تقریبات کا آغاز ایڈمن بلاک کے سامنے پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیرصدارت یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر دل و جان سے کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو ایک مضبوط، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے اور عوام کو انصاف، روزگار، تعلیم اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی تلقین کی تھی۔وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کے لئے جمہوریت کومزید مستحکم اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ محنت اور دیانت داری سے وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے تاکہ پاکستان کو دنیا کے عظیم ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ تربت جنوبی بلوچستان میں معیاری اعلی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور بھائی چارگی کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ آنے والا دور صرف انہی اقوام کا ہوگا جن کے ہاتھوں میں علم کی شمع اور جدید ٹیکنالوجی ہوگی، اس لیے تحقیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن محض جشن منانے کا موقع نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کا بھی وقت ہے۔ اہل علم کو اپنی توانائیاں جہالت کے خاتمے،جدیدعلم کے فروغ اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے وقف کرنا چائیے۔ان کا کہناتھا کہ جامعہ تربت کے طلبہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، قیام پاکستان کی جدوجہد میں جان دینے والے اور معرکہ حق کے شہدا اور بانیان پاکستان کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں شرکاء نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 150 ویں سالگرہ اور ملک کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔