جامعہ تربت کا فارغ التحصیل طلبہ کی کیریئر گائیڈنس اور روشن مستقبل کے لیے اہم اقدام: المنائی نیٹ ورکنگ کا باضابطہ آغاز
Posted on 16 Oct, 2026 - Published by
تربت (16 اکتوبر 2026) جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹی نے اپنے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات المنائی کی عملی زندگی میں کامیابی، کیریئر میں ترقی اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کے تحت المنائی نیٹ ورکنگ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق، ڈگری کی فراہمی پر یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی سفر ختم نہیں ہوتا بلکہ گریجویٹس کی مسلسل کیریئر گائیڈنس اور راہنمائی کرنا جامعہ تربت کے وژن اور اسٹریٹجک پلان کا بنیادی حصہ ہے۔ اس نیٹ ورک کا بنیادی مقصد پاس آؤٹ طلباء کو ایک ایسا بااختیار اور فعال پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جو ان کی ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کی ضمانت بن سکے ۔
:المنائی نیٹ ورک کا حصہ بننے کے بنیادی فائدے
کیریئر کی ترقی اور روزگار کے خصوصی مواقع: نیٹ ورک پر رجسٹرڈ گریجویٹس کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں، اسکالرشپس، انٹرنشپ اور کیریئر کونسلنگ کی ترجیحی معلومات اور براہِ راست رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
عالمی پروفیشنل نیٹ ورکنگ سے منسلک:قومی و بین الاقوامی اداروں اور صنعتوں میں خدمات انجام دینے والے جامعہ تربت کے دیگر باصلاحیت گریجویٹس کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا موقع ملے گا، جو کیریئر اور کاروبار کی نئی راہیں کھولنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
بزم المنائی اور جامعہ کی تقریبات میں شمولیت: رجسٹرڈ المنائی کو بزم المنائی اور سالانہ کانووکیشنز، ری یونینز، کانفرنسز اور خصوصی علمی و ثقافتی تقریبات میں بطور مہمان مدعو کیا جائے گا، جہاں وہ اپنے پرانے ساتھیوں اور اساتذہ سے دوبارہ جڑ سکیں گے۔
ادارہ جاتی ترقی اور فیصلہ سازی میں رائے کی شمولیت:جامعہ تربت کی تیز رفتار تعلیمی پیش رفت سے آگاہی کے ساتھ ساتھ نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لیے المنائی کی قیمتی تجاویز کو ترجیح دی جائے گی۔
:جامعہ تربت تمام گریجویٹس سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ذیل میں دیے گئے آفیشل آن لائن لنک کے ذریعے خود کو رجسٹر کریں اور ہمیشہ قائم رہنے والے اس اہم نیٹ ورک کا حصہ بنیں
https://qec.universityofturbat.com/alumni