انٹر یونیورسٹیز اسپورٹس فیسٹیول میں جامعہ تربت کے کھلاڑیوں کا راج؛ فٹبال میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی، کرکٹ میں یونیورسٹی آف مکران کو یک طرفہ شکست دیدی
Posted on 16 Nov, 2026 - Published by
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں جاری انٹر یونیورسٹیز اینٹی کرپشن ڈے اسپورٹس فیسٹیول میں جامعہ تربت کے کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فٹبال اور کرکٹ کے مقابلوں میں اہم کامیابیاں حاصل کر لیں۔فٹبال کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جامعہ تربت نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (BUETK) خضدار کو 1-2 سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔دوسری جانب کرکٹ کے میدان میں بھی جامعہ تربت کی ٹیم نے یونیورسٹی آف مکران کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے زیر کر کے اپنی برتری ثابت کر دی۔ یونیورسٹی آف مکران نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جامعہ تربت کے تباہ کن باؤلنگ اٹیک کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 13.3 اوورز میں محض 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جامعہ تربت کی جانب سے مظفر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نیاز نے محض 3 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عمران نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

73 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں جامعہ تربت کے بیٹرز نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور مطلوبہ ہدف محض 5.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ٹیم کی اس فتح میں سلمان اور غلام جان کی عمدہ بیٹنگ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، اسپورٹس انچارج مظہر گچکی اور یونیورسٹی کمیونٹی نے ان شاندار کامیابیوں پر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔




