News


جامعہ تربت میں یوم اقبال کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد، سنٹرل لائبریری میں گوشہ اقبال قائم کرنے کا اعلان

Posted on 09 Nov, 2026 - Published by

 جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام عظیم قومی شاعر، فلسفی اور مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کی۔تقریب سے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، فیکلٹی ممبر منیر احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر اور طلبہ نے خطاب کیا۔ تقریب میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، رجسٹرار گنگزار بلوچ، شعبہ ایجوکیشن کی سربراہ رقیہ میروانی اور کیمپس کوآرڈینیٹر غوث بخش بزنجو کے علاوہ اساتذہ کرام، انتظامی عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق تقریب کا مقصد علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا اور نوجوانوں میں ان کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ مقررین نے علامہ محمد اقبال کی حالات زندگی اور ان کی علمی، ادبی اور سیاسی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری، فلسفے اور خطابات کے ذریعے مسلمانوں کو خودی، خود اعتمادی اور بیداری کا پیغام دیا، انہیں علم کے حصول اور اجتماعی جدوجہد کی طرف راغب کیا، اور ایسی فکری بنیاد فراہم کی جس نے آگے چل کر مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو سمت دی۔اس موقع پر اس عہد کی تجدید کی گئی کہ علامہ اقبال کے فلسفہ حصول تعلیم پر عمل کرتے ہوئے ہم سب اپنی ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر محنت اور لگن کے ساتھ جامعہ تربت کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے نبھائیں گے، تاکہ جامعہ تربت کے گریجویٹس معاشرے، وطن اور قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ تقریب کے اختتام پر پرو وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری میں گوشہ اقبال قائم کرنے کا اعلان کیا۔