جامعہ تربت کے وائس چانسلر کا وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے طلبہ کے لیے 50 اسکوٹیز، اے آئی لیب کے لئے فنڈز
Posted on 27 Nov, 2026 - Published by
تربت (27 نومبر 2026) جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے حالیہ دورے اور طلبہ کے لیے متعدد تعلیمی سہولیات کے اعلانات پر حکومت بلوچستان اور بالخصوص وزیراعلی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے وزیراعلی کے ہمراہ یونیورسٹی آمد اور یونیورسٹی کی ترقی میں دلچسپی لینے پرمنصوبہ بندی و ترقیات کے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر سلیم کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، کمشنر مکران ڈاکٹر طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ محمد یاسر دشتی، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، ایس پی تمپ محمد عارف بلوچ اور دیگر صوبائی و ضلعی اعلی حکام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اپنے اظہار تشکر کے پیغام میں وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ اس اہم دورے کے جامعہ تربت کی تعلیمی پیشرفت پر دور رس اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ وزیراعلی کی جانب سے کیے گئے اعلانات اور یونیورسٹی کی جانب سے پیش کی گئی گزارشات پر عملدرآمد سے جامعہ تربت میں تعلیمی و تحقیقی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے وزیراعلی بلوچستان کے ان اقدام کو تعلیم دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے ساتھ براہ راست مکالمے اور ان کی حوصلہ افزائی نے نہ صرف یونیورسٹی کے طلبہ و فیکلٹی کا مورال بلند کیا ہے بلکہ علاقے کے نوجوانوں میں تعلیم اور تحقیق کے لیے ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 26 نومبر 2026 کو جامعہ تربت کی فیکلٹی آف لا کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبران و طلبہ کے ساتھ ایک علمی انٹرایکٹو سیشن اور فکری مکالمے میں حصہ لیا۔ ترجمان کے مطابق یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے وزیراعلی اور ان کے ہمراہ اعلی سطح وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ مکالمے کے دوران وزیراعلی میر سرفراز احمد بگٹی نے تربت کے نوجوانوں خاص کر کے جامعہ تربت کے طلبہ کی بے پناہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئےاس بات پر زور دیا کہ بلوچ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پروپیگنڈے اور محرومیوں کے نام پر انتہاپسندی کی طرف دھکیلنے کے بجائے انہیں مثبت مکالمے، علمی و فکری مباحثے اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بھرپور موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے سوالات، تحفظات اور تنقیدی آرا سننے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے جامعہ تربت کی ترقی اور مفاد عامہ کے لئے متعدد اہم اعلانات کئے جن میں جامعہ تربت کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) لیب کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں درکار فنڈز، طالبات کے لیے 50 اسکوٹیز، ہال میں موجود طلباء کے لیے سرکاری اخراجات پر مری واسلام آبادکا مطالعاتی دورہ، مالیکیولر لیب کے قیام اور تربت شہر میں گرین بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ یونیورسٹی طلباء کے لئے گرین بس اور یونیورسٹی طالبات کے لئے پنک بس سروس کے آغاز سمیت دیگر اہم اعلانات شامل تھے۔ تقریب کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں قانون کی ایک طالبہ کی جانب سے انٹرن شپ کے مسائل پر اٹھائے گئے سوال پر وزیراعلی نے موقع پر ہی طالبہ کی مالی معاونت کی اور انٹرن شپ کے سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا۔اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران وائس چانسلر نے وزیراعلی کے تعلیمی وژن کو سراہتے ہوئے صوبے میں جامعات کی گرانٹ ڈھائی ارب سے بڑھا کر دس ارب روپے کرنے کو احسن اقدام قرار دیا اور گرانٹ میں مزید اضافے کی درخواست کی تاکہ اعلی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔وائس چانسلر نے جامعہ تربت کی تعلیمی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ فیکلٹی آف لا کے پہلے بیچ کے گریجویٹس نے لاء گیٹ ٹیسٹ میں ملک بھر کی پہلی پانچ پوزیشنوں میں جگہ بنا کر یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے جامعات کے فنڈنگ فارمولے کی ازسرنو ترتیب اور گذشتہ چند سالوں سے نئی تعیناتیوں و پروموشن پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی اپیل کی تاکہ جامعہ تربت سمیت چھوٹی اور ابھرتی ہوئی جامعات کو بھی تعلیمی و تحقیقی میدان میں پروان چڑھنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے وزیراعلی کو آگاہ کیا کہ نئی بھرتیوں اور پروموشن پر پابندی کی وجہ سے جامعہ تربت کے پانچ پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران یونیورسٹی چھوڑ چکے ہیں۔وائس چانسلر نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان تمام اعلانات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ استقبالیہ سیشن اور مکالمے میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر نے انجام دیے جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت فیکلٹی ممبر رقیہ میروانی نے حاصل کی۔
















