جامعہ تربت: جدید مہارتوں اور تخلیقی سوچ کے فروغ کے عزم کے ساتھ چار روزہ "کیچ اکیڈمک گالا 2026" کا شاندار آغاز، شہریوں اور طلبہ کی بھرپور شرکت
Posted on 18 Nov, 2026 - Published by
تربت (17 نومبر 2026) جامعہ تربت کے مین کیمپس میں علم، تحقیق، تخلیق، ٹیکنالوجی،تفریح اور جدت پر مبنی چار روزہ "کیچ اکیڈمک گالا 2026" کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کیا۔ اس پروقار تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ، طلبہ، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات اور مختلف اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق 20 نومبر تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں جہاں جامعہ تربت، گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ کاروباری شخصیات اپنے اسٹالز اور پراجیکٹس کے ذریعے مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، وہیں طلبہ، شہریوں، والدین، اساتذہ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد گالا کا دورہ کر کے ان کی بھرپور پذیرائی کر رہے ہیں۔اس چار روزہ ایونٹ کے دوران بزنس گالا، ٹیکنالوجی و سائنس نمائش، آرٹ اینڈ انوویشن ایکسپلوریشن، اور بزنس آئیڈیا کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) بوٹ کیمپ، کیریئر کونسلنگ اور انٹرپرینیورشپ بوٹ کیمپ بھی ایونٹ کا اہم حصہ ہیں۔ علاوہ ازیں، ڈرامہ، مشاعرہ، لائیو میوزک، تعلیمی مباحثے، کوئز مقابلے، پراجیکٹ نمائش اور ثقافتی پروگرامز بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔
افتتاح کے بعد وائس چانسلر نے معزز مہمانوں کے ہمراہ مختلف اسٹالز اور نمائشوں کا دورہ کیا اور طلبہ کے تخلیقی کام کی پذیرائی کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-30 کے تحت اس گالا کے دوران طلبہ کی جامع شخصیت سازی، ان میں کاروباری و تخلیقی سوچ اور قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مختلف ایونٹس کے فوکل پرسنز، منتظمین، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے، طلبہ، رضاکاروں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے علاوہ بلوچستان بیوریج اینڈ بوٹلرز کے سی ای او شیر جان قدیر سمیت تمام معاونین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر معزز مہمانوں اور شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گالا خطے کے تعلیمی اداروں، صنعت کاروں اور نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی بہترین کاوش ہے، جو سماجی ہم آہنگی، باہمی رواداری اور تعلیمی بیداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ تربت مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ کیچ اکیڈمک گالا کا پہلا دن علمی، تخلیقی اور تفریحی سرگرمیوں کے نام رہا جبکہ بزنس گالا سمیت دیگر دلکش نمائشوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کا میلہ کل (19 نومبر) کو سجے گا۔