تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کا نئے سال کے آغاز پر خصوصی پیغام
Posted on 01 Jan, 2026 - Published by
یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ کو نئے سال کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پوری یونیورسٹی کمیونٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ سال آپ سب کی زندگیوں میں خوشحالی اور کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو اور ہماری یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی میدان میں نئی کامیابیاں حاصل کرے۔انہوں نے اپنے عزم اور وڑن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں یونیورسٹی کی ترقی کے لیے وقف کرنی چاہئیں۔ ہمارا مقصد یونیورسٹی میں معیاری تدریس، ڈیجیٹل لٹریسی، مثالی نظم و ضبط، مالی شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے تاکہ تربت یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا سکیں۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے تمام انتظامی و علمی معاملات کو بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ، مروجہ قواعد و ضوابط اور یونیورسٹی کے آئینی اداروں کے فیصلوں کی روشنی میں چلایا جائے گا تاکہ ہم اپنے ادارے کو ملک کی صفِ اول کی جامعات میں شامل کر سکیں۔ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم انفرادی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی محنت اور ہم آہنگی کے ذریعے یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا سال تربت یونیورسٹی کے لیے بے مثال تعلیمی و انتظامی کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔