News


تربت یونیورسٹی میں اسپورٹس ویک 2026 کا شاندار اور پرجوش انداز میں آغاز، طلبہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی بھرپور شرکت

Posted on 09 Feb, 2026 - Published by

تربت(9جنوری 2026)یونیورسٹی آف تربت میں ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیر اہتمام سالانہ اسپورٹس ویک 2026 کا آغازشاندار اور جوش و خروش کے ساتھ ہوا افتتاحی تقریب میں کھیل، صحت اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا حسین امتزاج دیکھنے میں آیا۔اس موقع پر تمام فیکلٹیز کے ڈینز، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات، تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان، انچارج اسپورٹس، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ اسپورٹس ویک صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید کے خصوصی فنڈ سے منعقد کیا جا رہا ہے۔اسپورٹس ویک کے دوران کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، فٹسال، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، لڈو، میوزیکل چیئر، پک اپ اینڈ رن، سلو سائیکل ریس، مختلف فاصلے کی دوڑ، کیرم بورڈ، چوکی، شطرنج، لانگ جمپ، لیمن اسپون، شوٹ فٹ اور ٹگ آف وار سمیت متعدد مقبول علاقائی اور قومی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملہ بھی بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی جسمانی صحت، ذہنی نشوونما اور مثبت سوچ کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط، ٹیم ورک اور برداشت جیسی صفات کو فروغ دیتے ہیں جو عملی زندگی میں کامیابی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل  ہوتے ہیں۔انہوں نے شاندار انتظامات کرنے پر انچارج اسپورٹس مظہر گچکی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں اس نوعیت کی مثبت اور تعمیری سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اقوام جو کھیلوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بناتی ہیں،وہ ترقی اور کامیابی کی دوڑ میں ہمیشہ آگے رہتی ہیں۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں تربت یونیورسٹی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ اس موقع پر فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور (تمغۂ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی نشوونما کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی توازن پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کے مثبت اثرات طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور روزمرہ زندگی پر نمایاں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند روایت ہے کہ تربت یونیورسٹی تسلسل کے ساتھ سالانہ اسپورٹس ویک منعقد کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے محض درس و تدریس تک محدود نہیں ہوتے بلکہ کھیلوں اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی مکمل شخصیت سازی کرتے ہیں۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق کے مطابق وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے برقی پیغام میں کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلبہ جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹی ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے تاکہ ہمارے طلبہ صوبائی اور قومی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہر سال اسپورٹس ویک کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں قیادت، ٹیم ورک، برداشت اور نظم و ضبط جیسی صفات کو پروان چڑھانا ہے، جو عملی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔وائس چانسلر نے اپنے برقی پیغام میں کھیل، تعلیم و تربیت اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ تربت یونیورسٹی طلبہ کو بااختیار بنانے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مربوط اور جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس ویک میں بھرپور شرکت کریں۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اسپورٹس ویک کے انعقاد میں مالی تعاون فراہم کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجیدکا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انچارج اسپورٹس مظہر گچکی نے کہا کہ کھیلوں کے یہ مقابلے  13 فروری تک جاری رہیں گے۔ ان کا کہناتھاکہ اسپورٹس ویک کا اصل مقصد محض جیت یا ہار نہیں بلکہ نظم و ضبط، بہترین کارکردگی، ٹیم ورک اور ایک دوسرے کی کامیابیوں کا احترام  کرناہے کیونکہ یہی کھیلوں کا اصل حسن ہے۔