News


یونیورسٹی آف تربت میں پہلی سیرت النبی ﷺ کانفرنس عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد

Posted on 16 Sep, 2025 - Published by

تربت (15 ستمبر 2025)یونیورسٹی آف تربت میں پہلی سیرت النبی ﷺ کانفرنس  نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس پروقار کانفرنس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن تھے۔یہ کانفرنس وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیراہتمام منعقد ہوئی، جس میں رجسٹرارگنگزاربلوچ  کے علاوہ طلبہ و طالبات، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے آقا حضرت محمد مصطفی ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔کانفرنس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرگل حسن کے علاوہ فیکلٹی ممبر ملک داد اورعبدالحکیم نے خطاب کیاجنہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ ﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نظامت کے فرائض  تربت یونیورسٹی کےڈائریکٹر پبلک ریلیشنزاعجاز احمد نے انجام دیے۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت شعبہ ایجوکیشن کی طالبہ مروارد نے حاصل کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ایک کامل ضابطہ حیات اور ہر انسان کے لیے ذریعہ ہدایت ہے۔ آپ ﷺ نے دشمنوں کو بھی عفو، درگزر اور اعلیٰ اخلاق سے جیتا۔ آج کے دور میں ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی زندگیاں حضور ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔اسلام میں صلاح رحمی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف تربت علمی، فکری، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کے آفاقی پیغام سے روشناس کراتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور شہید ذاکر لائبریری میں حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ پر بے شمار مستند و قیمتی کتب موجود ہیں، جو طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کتب سے استفادہ کر کے نہ صرف سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو سمجھا جا سکتا ہے بلکہ موجودہ دور کے سماجی و اخلاقی مسائل کے حل کے لیے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کامیاب اور بامقصد کانفرنس کے انعقاد پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کی کردار سازی اور اسلامی اقدار سے وابستگی کو مزید تقویت دیتی ہیں۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے اعمال، اخلاق، عبادات اور معاملات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا وہ سیرت طیبہ کے مطابق ہیں یا نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری زندگی کا ہر پہلو رسول اللہ ﷺ کی سنت اور تعلیمات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔ اسلام کی سچی، پرامن اور روشن تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی انسانیت کو بے چینی، عدم برداشت اور عدم تحفظ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی قائم کریں تاکہ بہترین  انسان، محب وطن اور پرامن شہری کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرسکیں۔کانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور معاشرے میں امن و سکون کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

۔۔۔ کیپشن۔تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیراہتمام  منعقدہ   سیرت النبی ﷺ کانفرنس   سے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرگل حسن،فیکلٹی ممبرعبداکحکیم،ملک داد اور ڈائریکٹرپبلک ریلیشنزاعجازاحمداظہارخیال کررہے ہیں