News


تربت یونیورسٹی میں کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے تحت انڈور کھیلوں کا شاندار آغاز

Posted on 07 Jan, 2026 - Published by

یونیورسٹی آف تربت کا جمنیزیم کھیلوں کی رونقوں کا مرکز بن گیا جہاں  6جنوری 2026 کو کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سلسلے میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور شطرنج کے مقابلوں کی پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ایک خوبصورت اور علامتی اقدام کے طور پر ان مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح پانچ سالہ ننھی بچی  سدرۃ المنتہیٰ جہانگیر خان سے کروایا۔ اس موقع پرتربت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی آف لٹریچراینڈ لینگویجز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبوربلوچ (تمغہ امتیاز)،فیکلٹی آف سوشل سائنسزکے ڈین محمد طاہر حکیم، فیکلٹی آف لا کے ڈین ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر اسپورٹس مظہر علی اور فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی سمیت تربت یونیورسٹی کے مختلف اکیڈمک اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت موجود تھی۔افتتاحی تقریب کے فوراً بعد مختلف میچز کھیلے گئے۔ شطرنج کی بساط پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور ڈاکٹر عبدالغفور کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بیڈمنٹن کورٹ پر ڈی سی کیچ بشیر احمد بڑیچ اور رجسٹرار گنگزار بلوچ مد مقابل آئے، جبکہ ٹیبل ٹینس مقابلے کا آغاز حنیف کنزئی اور کیپٹن چاکر کے درمیان کھیلے گئے دلچسپ میچ سے ہوا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی نوجوانوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں معیاری تعلیم  کے ساتھ ساتھ طلبہ کو غیر نصابی سرگرمیوں کے بھرپور مواقع میسر ہوں، تاکہ وہ قائدانہ صلاحیتوں اور جذبے کے ساتھ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ڈی سی کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں مثالی تعاون فراہم کرنے پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کی جانب سے اعلی معیار کی سہولیات کی فراہمی کی بدولت  اتنے بڑے پیمانے پر ایونٹ کا انعقاد ممکن ہواجو خطے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوگا۔