صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی زیرصدارت وائس چانسلرز اجلاس، جامعات میں تدریسی و انتظامی عملے کی کمی پر تفصیلی تبادلہ خیال
Posted on 30 Sep, 2026 - Published by
صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی زیر صدارت 28 ستمبر 2026 کو کوئٹہ میں صوبے کی جامعات کے وائس چانسلرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر فیکلٹی اور انتظامی آسامیوں پر عدم تعیناتی کے باعث درپیش چیلنجز سمیت دیگر تدریسی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سمیت بلوچستان کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور نمائندگان نے شرکت کی۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کے آپریشنل اخراجات اور سینئر تدریسی و انتظامی عملے سمیت آئینی عہدوں پر عدم تعیناتی سے پیدا ہونے والے صورتحال پر بریفنگ دی۔

انہوں نے سینئر فیکلٹی اور آئینی عہدوں پر میرٹ کے مطابق فوری تعیناتیوں، زیرالتوا پروموشن کیسز کو نمٹانے اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقل کرنے پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے واضح کیا کہ سینیئر تدریسی اور انتظامی سمیت آئینی عہدوں کو پُر کرنا نہ صرف ایکریڈیٹیشن و پیشہ ورانہ کونسلز اور ایچ ای سی فریم ورک کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے، بلکہ جامعہ تربت اسٹریٹجک پلان 2030 اور بلوچستان یونیورسٹی ایکٹ 2022 کے تحت گڈ گورننس کے قیام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جامعہ تربت میں آئینی آسامیوں کی شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ کارروائی مروجہ قواعد کے مطابق جلد طے کی جائے گی۔ صوبائی وزیر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے جامعات کی قیادت کو یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان اعلی تعلیم کے فروغ، جامعات کے استحکام اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔
