VC Governor Meeting
Posted on 31 Oct, 2025 - Published by
گورنر بلوچستان سے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر کی ملاقات، کٹھن حالات اور محدود وسائل کے باوجود تربت یونیورسٹی کا عروج وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور ان کی پرعزم ٹیم کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے. گورنرجعفرخان مندوخیل

گورنر بلوچستان اور یونیورسٹی آف تربت کے چانسلرشیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے دورافتادہ علاقے میں واقع یونیورسٹی آف تربت نے صنفی مساوات کو فروغ دیتے ہوئے طالبات کی تعداد 45 فیصد تک پہنچا کر بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک مثالی روایت قائم کی ہے۔ تربت یونیورسٹی کے طلباء و طالبات یکساں طور پر محنتی اور سیکھنے کے بارے میں پرجوش ایک متحرک تعلیمی ماحول میں حصہ ڈالتے ہیں۔کٹھن حالات اور محدود وسائل کا سامنا کرنے کے باوجود یونیورسٹی کا عروج براہ راست وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور ان کی پرعزم ٹیم کی دور اندیش قیادت اورانتھک کوششوں کا نتیجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30اکتوبر2025 کوگورنر ہاؤس کوئٹہ میں یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کے جلد انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسقبل کے نئی ترجیحات اور نئے اہداف کے حصول میں کوالٹی ایجوکیشن اولین حیثیت رکھتی ہے. تربت یونیورسٹی کے قیام سے تربت اور دیگر متصل علاقوں کے نوجوانوں کیلئے ہائیر ایجوکیشن کے حصول کو ممکن بنانا خوش آئند ہے۔ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے اور دانشمندانہ پالیسیوں کی تشکيل دینے میں اہل دانش مدد و رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ یونیورسٹی آف تربت میں خواتین کی بڑی تعداد سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان کی خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بھی ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں. ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی کارکردگی، تعليمی و مالی امور اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر بحث آئے. انہوں نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں سکِل ڈویلپمنٹ پروگرامز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ تعلیمی پروگرامز پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ فارغ التحصیل گریجویٹس اپنی عملی زندگی میں زیادہ موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی سرگرمیوں کو ملک کی معاشی اورمعاشرتی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے. قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے گورنر بلوچستان کو یونیورسٹی آف تربت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2024 پیش کی.اور یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
