تربت یونیورسٹی کا ملٹی پرپز ہال بن گیا رنگوں اورتخلیقی فن کا مرکز،مقامی فنکاروں اور طلبہ کی پینٹنگز کی نمائش، شرکاء کی گہری دلچسپی، ہزاروں روپے کے پینٹنگز فروخت
Posted on 27 Nov, 2025 - Published by
مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان اورکریئٹیوآرٹس اینڈ کرافٹس سوسائٹی یونیورسٹی آف تربت کے اشتراک سے 26نومبر2025کو یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں ایک روزہ مصوری نمائش بعنوان رنگ بلوچستان کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پرووائس چانسلرڈاکٹرکمال احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران کے ہمراہ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اور معروف مصور شریف قاضی اور پروفیسر حفیظ گوہرجی کے علاوہ تربت یونیورسٹی کے شعبہ ایجوکیشن کے طلباء کی جانب سے پیش کردہ فن پاروں کاجائزہ لیا۔ ڈاکٹر گل حسن نے فنکاروں سے ان کے فن پاروں کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور فنکاروں کے تخلیقی اظہار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے کی حقیقی عکاسی اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تربت یونیورسٹی آرٹ، پینٹنگ، ڈیجیٹل اسکلز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کو مزید فعال اور ترقی دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ اورمقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے فن کو قومی اورعالمی سطح پر اجاگر کرنا یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی جدید دور کی ضروریات کے مطابق ایسے گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو تخلیقی سوچ، جدت، کاروباری مہارت اور ڈیجیٹل اسکلز سے لیس ہوں- یونیورسٹی ترجمان کے مطابق نمائش کا بنیادی مقصد مقامی فنکاروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا اور انہیں اپنے فن پاروں کی نمائش اور فروخت کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنا تھااوریہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا۔ نمائش میں یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامی افسران، طلبہ و طالبات، فن و ادب سے وابستہ نامور شخصیات اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ واساتذہ کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نمائش میں رکھے گئے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔نمائش کے دوران ہزاروں روپے مالیت کے پینٹنگز فروخت ہوئیں۔









